موٹروے پولیس ایک ماہ کے اندر کرپشن فری، ایکسل لوڈ پالیسی پر عمل ہوگا، وزیر مواصلات کی گڈز ٹرانسپورٹرز سے گفتگو

موٹروے پولیس ایک ماہ کے اندر کرپشن فری، ایکسل لوڈ پالیسی پر عمل ہوگا، وزیر مواصلات کی گڈز ٹرانسپورٹرز سے گفتگو
اسلام آباد، 8 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس کو ایک ماہ کے اندر کرپشن فری بنایا جائے گا، رشوت اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ ایکسل لوڈ پالیسی پر آج ہی سے مکمل عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
وزارت مواصلات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے نمائندوں کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس میں ایکسل لوڈ پالیسی، ایس آر او، موٹرویز پر گاڑیوں کے مسائل اور ٹرانسپورٹرز کے دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹرز کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں گے اور مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد کو پیر کے روز اسلام آباد طلب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک فریقین ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کریں گے، مسائل کا حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیت درست ہو تو ہر مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے آئی جی موٹرویز پولیس کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر موٹروے پولیس کو کرپشن فری بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور رشوت یا بدعنوانی میں ملوث کسی اہلکار کو باقی نہ رہنے دیا جائے۔
عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کو صرف ملازمت سے برطرف نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھی اوورلوڈڈ گاڑی کو موٹروے پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایکسل لوڈ پالیسی پر آج ہی سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کے لیے اوورلوڈنگ کی روک تھام ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان ایکسل لوڈ پالیسی سے متفق ہیں اور حکومت ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ مزدا ایسوسی ایشن اور 10 ویلرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ کسی انتہائی اقدام سے گریز کریں اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ اداروں نے مل کر ملک و قوم کے مفاد میں کام کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز پولیس، چاروں صوبوں کے سیکرٹریز ٹرانسپورٹ، متعلقہ حکام اور گڈز ٹرانسپورٹ کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔