مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاکستان، آذربائیجان دوطرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، سفیر قاسم محی الدین

پاکستان، آذربائیجان دوطرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، سفیر قاسم محی الدین (تصویر 1)

پاکستان، آذربائیجان دوطرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، سفیر قاسم محی الدین

باکو، 3 ستمبر: آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مضبوط سیاسی تعلقات کو ٹھوس اور پائیدار اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں۔

آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی AZERTAC سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کے تحت دونوں برادر ممالک نے متعدد مخصوص اشیا پر ٹیرف میں رعایتیں دی ہیں، جبکہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (TTA) نے بھی پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت سے متعلق کسٹمز قوانین کو ہم آہنگ بنانے اور تجارتی لین دین کے بروقت اور مؤثر تصفیے کے لیے کمرشل بینکوں کے درمیان تعاون کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

پاکستان، آذربائیجان دوطرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، سفیر قاسم محی الدین (تصویر 2)

قاسم محی الدین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کے مقابلے میں باہمی تجارت کا حجم ابھی اس سطح تک نہیں پہنچ سکا جس کی توقع کی جا سکتی ہے، تاہم دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کو قریب لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دونوں اہم معاہدوں پر عملدرآمد کے بعد باکو اور پاکستان کے مختلف تجارتی مراکز میں کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست رابطوں اور ملاقاتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کے معروف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری تنظیموں کے وفود بھی باقاعدگی سے باکو کا دورہ کرکے اپنے آذربائیجانی ہم منصبوں سے کاروباری مواقع پر بات چیت کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسی طرح آذربائیجان کے نمایاں کاروباری افراد کے پاکستان کے دوروں کا سلسلہ بھی خوش آئند ہے، کیونکہ یہ روابط دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ٹھوس کاروباری مواقع تلاش کرنے اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے پاکستان اور آذربائیجان کے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاسوں میں بھی اس معاملے کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

قاسم محی الدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مضبوط سیاسی تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس، نتیجہ خیز اور پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں