پاکستانی سفیر کی امریکی سویا بین کونسل کے سی ای او سے ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

پاکستانی سفیر کی امریکی سویا بین کونسل کے سی ای او سے ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
شکاگو، 8 اگست: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے شکاگو میں منعقدہ یو ایس سویا کنیکٹ کانفرنس کے موقع پر امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل (USSEC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جم سٹر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون میں بڑھتی ہوئی پیش رفت اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مثبت روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں زرعی تجارت کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان نسبتاً کم عرصے میں امریکی سویا بین کی درآمد کرنے والی اہم عالمی منڈیوں میں شامل ہو گیا ہے، جہاں سالانہ درآمدات 10 لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کر چکی ہیں۔
سفیر نے کہا کہ سویا بین کی تجارت میں اضافہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مقامی طلب کے ساتھ ساتھ پاکستانی اور امریکی کاروباری اداروں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی شراکت داری کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے سویا بین کی ویلیو چین میں تعاون مزید بڑھانے کے لیے تجارت میں اضافے، کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، تکنیکی تعاون اور تجربات و معلومات کے تبادلے سمیت مختلف مواقع کو اجاگر کیا۔
جم سٹر نے پاکستان کے ساتھ امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل کی دیرینہ شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی متعلقہ اداروں اور کاروباری شعبے کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت، استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں، صنعتی تربیت اور غذائیت سے متعلق آگاہی پروگراموں کے ذریعے مسلسل تعاون پر روشنی ڈالی۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کے فیڈ، پولٹری، ڈیری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں کی پائیدار ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے قریبی روابط برقرار رکھنے اور سویا بین کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اس تعاون کو پاکستان اور امریکا کے وسیع تر اقتصادی شراکت داری کا اہم جزو قرار دیا۔