پاکستان, نیوزی لینڈ سیاسی و مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس

پاکستان, نیوزی لینڈ سیاسی و مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس
ویلنگٹن، 8 اگست: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت کے پانچویں دور اور پاکستان نیوزی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی (JTC) کے تیسرے اجلاس کا انعقاد 6 اگست کو ویلنگٹن میں ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سیاسی مشاورت کے اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے ایشیا پیسفک سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی اور نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ و تجارت کے ڈپٹی سیکرٹری برائے امریکا و ایشیا گروپ گراہم مورٹن نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح کے روابط، اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی جرائم کی روک تھام اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا۔
فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطہ اور تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستانی وفد کے سربراہ سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے نیوزی لینڈ کے حکام کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا کی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اجاگر کیا۔
نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ و تجارت کے ڈپٹی سیکرٹری گراہم مورٹن نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
اسی روز پاکستان نیوزی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کا بھی انعقاد ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزارت تجارت کے سیکرٹری جواد پال خواجہ نے کی جبکہ نیوزی لینڈ کے وفد کی سربراہی گراہم مورٹن نے کی۔
اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور خدمات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں جانب سے مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے اور پائیدار زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس سلسلے میں اون کی پیداوار اور پودوں کے تحفظ کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کا ایک اہم نتیجہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کے انتظام (Education Cooperation Arrangement) پر دستخط تھے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط اور تعاون کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔
مذاکرات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا، تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی اور مستقبل میں باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔