پاکستان کو ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست، ٹیم ایونٹ سے باہر

پاکستان کو ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست، ٹیم ایونٹ سے باہر
ایمسٹلوین، 19 اگست: ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے فیصلہ کن میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، جبکہ قومی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہوگئی۔
ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے کپتان ہرمَن پریت سنگھ اور ابھشیک نے دو، دو گول کیے، جبکہ ہاردک سنگھ نے ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان کے لیے حنان شاہد نے دو جبکہ سفیان خان نے ایک گول کیا، تاہم پاکستانی ٹیم شکست سے نہ بچ سکی۔
پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کا سامنا کیا، جہاں اسے 4-1 سے شکست ہوئی۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی جانب سے افراز نے واحد گول کیا۔
قومی ٹیم کا دوسرا گروپ میچ ویلز کے خلاف تھا، جو 3-3 گول سے برابر رہا۔ اس میچ سے پاکستان نے ایک پوائنٹ حاصل کیا، جس کے بعد بھارت کے خلاف آخری گروپ میچ قومی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہوگیا تھا۔
بھارت نے بھی ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز ویلز کے خلاف 3-1 کی کامیابی سے کیا، تاہم دوسرے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے خلاف فتح نے بھارت کو گروپ میں چھ پوائنٹس دلا دیے اور وہ دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا۔
گروپ ڈی کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو 8-2 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انگلینڈ اور بھارت نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ پاکستان اور ویلز کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔
پاکستان نے طویل عرصے کے بعد 2026 کے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی، تاہم گروپ مرحلے میں ایک میچ برابر کرنے اور دو مقابلوں میں شکست کے بعد قومی ٹیم عالمی کپ کے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔