مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر مینگو فیسٹیول کا انعقاد

پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر مینگو فیسٹیول کا انعقاد

پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر مینگو فیسٹیول کا انعقاد

سنگاپور، 8 اگست: پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور کے زیر اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کو متعارف کرایا گیا۔

سنگاپور کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور زلکارنین عبدالرحیم نے فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سنگاپور کے حکام، کاروباری شخصیات، سفارت کاروں، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی و سنگاپوری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

فیسٹیول میں پاکستان کی اعلیٰ معیار کی آموں کی مختلف اقسام، خصوصاً مشہور چونسہ اور سینسیشن، پیش کیے گئے۔ شرکاء کو پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، خوشبو، ساخت اور مٹھاس سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابیہ شفیق نے کہا کہ پاکستانی آم ذائقے کے اعتبار سے بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن ایسے پروگراموں کے ذریعے سنگاپور کے عوام کو پاکستان کی ثقافتی رنگا رنگی اور مہمان نوازی سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، اس لیے مینگو فیسٹیول پاکستان کی ثقافت، تجارت اور کھانوں کے حسین امتزاج کو اجاگر کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔

تقریب کے دوران ’’سلام پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، سیاحتی مقامات اور متنوع ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

فیسٹیول میں شریک افراد نے پاکستانی آموں کے معیار کو سراہتے ہوئے ان کی دلکش خوشبو، نرم ساخت اور لذیذ مٹھاس کی تعریف کی۔

مینگوس فیسٹیول نے پاکستان کی زرعی برآمدات کے فروغ اور سنگاپور کی مارکیٹ میں اعلیٰ معیار کے پاکستانی آم متعارف کرانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان زرعی مصنوعات سمیت باہمی تجارت کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی اجاگر ہوئے۔

تقریب نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران قائم ہونے والی دیرینہ دوستی اور مضبوط شراکت داری کو بھی اجاگر کیا اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کے روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں