پمز سانحہ: معصوم بچوں کی ہلاکت کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، ڈاکٹر جمال ناصر

پمز سانحہ: معصوم بچوں کی ہلاکت کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، ڈاکٹر جمال ناصر
راولپنڈی، 3 ستمبر: سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی اور سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں معصوم بچوں کی ہلاکت کے سانحے کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ عوام اور سوگوار خاندانوں کا حق ہے کہ انہیں واقعے کی اصل وجوہات سے آگاہ کیا جائے، اب حقائق چھپانے کا زمانہ نہیں رہا۔

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں قاضی فارم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ملکی دفاع کا تقاضا ہے کہ حکمران قوم سے سچ نہ چھپائیں جبکہ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں میرٹ پر تقرریاں یقینی بنائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پمز سانحہ حکمرانوں کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے، بتایا جائے کہ معصوم بچوں کا کیا قصور تھا اور ان کی ہلاکت کا ذمہ دار کون ہے۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کرپشن کا خاتمہ، میرٹ کا فروغ اور دیانتدار قیادت ضروری ہے۔ نوجوان نسل کو وطن کے دفاع، تعمیر اور ترقی کے لیے تیار کرنا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں شہداء کی قربانیوں اور افواج پاکستان کی بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ قوم دفاع وطن کے لیے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے جبکہ نوجوانوں میں حب الوطنی، مثبت سوچ اور ملک کی خدمت کا جذبہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن عبدالمعیز خان نے کہا کہ پاکستان روشن مستقبل رکھنے والا ملک ہے اور حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ محمد اسلم خان نے کرپشن کے خاتمے کو ملکی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا جبکہ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ قوم وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ متحد ہے۔
مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈار نے قومی اتحاد برقرار رکھنے اور وطن کی حرمت و تقدس کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب سے ڈاکٹر شہزاد اقبال شام، حافظ نسیم محمود خلیل، پروفیسر فردوس، طارق شاہین، اظہر حفیظ، سینئر صحافی شکیل یامین کانگا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔