پنجاب میں 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا آغاز

پنجاب میں 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا آغاز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جدید جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
منصوبے کے تحت دل کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے مستحق مریضوں کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید کیتھ لیب، ایم آر آئی، انتہائی نگہداشت یونٹ، ایمرجنسی اور کارڈیک سرجری سمیت دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق ادارے کا مقصد صوبے میں امراض قلب کے مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنا اور پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے بیرون ملک یا دیگر شہروں پر انحصار کم کرنا ہے۔