پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر ملتان سے گرفتار، 9 مئی کے مقدمات میں طویل عرصے سے روپوش تھے

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر ملتان سے گرفتار، 9 مئی کے مقدمات میں طویل عرصے سے روپوش تھے
لاہور، 6 ستمبر: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو ملتان سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد انہیں لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ان کے خلاف درج مقدمات میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حماد اظہر 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد سے مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اور طویل عرصے سے روپوش تھے۔
حماد اظہر کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق لاہور سمیت مختلف مقامات پر متعدد مقدمات درج ہیں۔ عدالتوں میں مسلسل عدم پیشی کے باعث بعض مقدمات میں انہیں اشتہاری اور مفرور قرار دینے کی کارروائی بھی کی گئی۔
حماد اظہر کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔ ان کے والد میاں محمد اظہر ملک کے سینئر سیاستدان، لاہور کے سابق میئر اور پنجاب کے سابق گورنر رہ چکے ہیں۔ میاں اظہر 1987 سے 1991 تک لاہور کے میئر رہے، جبکہ 1990 سے 1993 تک گورنر پنجاب کے منصب پر فائز رہے۔
میاں محمد اظہر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے بانی صدر بھی رہے۔ بعد ازاں وہ اکتوبر 2011 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ 2024 کے عام انتخابات میں وہ لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد ازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے۔
میاں محمد اظہر 22 جولائی 2025 کو 83 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔ انہیں پنجاب کی سیاست میں ایک اہم اور بااثر سیاسی شخصیت کے طور پر شمار کیا جاتا تھا۔
حماد اظہر نے 2018 کے عام انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست جیتی اور تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر اقتصادی امور، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ و توانائی کے منصب پر بھی خدمات انجام دیں۔