کارانداز، کسان گودام شراکت، چھوٹے کاشتکاروں کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم ہوں گی

کارانداز، کسان گودام شراکت، چھوٹے کاشتکاروں کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم ہوں گی
اسلام آباد: کارانداز پاکستان نے حاجی سنز گروپ کے زرعی منصوبے “کسان گودام” کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے، جس کا مقصد چھوٹے کاشتکاروں کو جدید ذخیرہ سازی، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور مارکیٹ تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
شراکت داری کے تحت کاشتکار اپنی فصل محفوظ رکھنے، الیکٹرانک ویئرہاؤس رسید (EWR) کی بنیاد پر آسان مالی سہولت حاصل کرنے اور بہتر قیمت پر اپنی پیداوار فروخت کرنے کے قابل ہوں گے۔ اس اقدام سے فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات میں کمی، منڈی میں شفافیت اور مالی شمولیت کو بھی فروغ ملے گا۔
کسان گودام عالمی کمپنی گرین پرو (GrainPro) کی ہرمیٹک (ہوا بند) ذخیرہ سازی ٹیکنالوجی کو ڈیجیٹل ٹریڈنگ اور زرعی مالیاتی خدمات کے ساتھ مربوط کرے گا، جس سے کم لاگت پر محفوظ ذخیرہ سازی ممکن ہوگی اور فصل کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔
کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ یہ شراکت داری کاشتکاروں کو بہتر ذخیرہ سازی، مالیاتی سہولیات اور منڈی تک مؤثر رسائی فراہم کرے گی، جبکہ کسان گودام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان طاہر کے مطابق اس منصوبے سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور کاشتکاروں کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
کسان گودام کی شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر انعم طاہر نے بتایا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ذخیرہ شدہ اجناس کی فوری تصدیق اور ان کے عوض چند منٹوں میں مالی سہولت حاصل کرنا ممکن ہوگا۔
تقریب میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے اکنامک آفیسر ٹام اے پیٹر نے بھی شرکت کی اور اس شراکت داری کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کی اہم مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ذخیرہ سازی کی ٹیکنالوجی پاکستان کے چھوٹے کاشتکاروں اور زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔