وزارت مذہبی امور کی زیر نگرانی بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس بدھ کو ہوگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس بدھ 12 ربیع الاول کو منعقد ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں ملک بھر سے ممتاز علما، مشائخ، دانشور، محققین اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ راولپنڈی میں زونل سیرت النبی کانفرنس کی طرز پر، مرکزی سطح پر ہونے والی یہ تقریب سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
مقابلہ مقالات سیرت کا مرکزی موضوع
رواں سال منعقدہ مقابلہ مقالات سیرت کا موضوع ‘نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں’ رکھا گیا ہے۔ اس علمی و فکری موضوع پر بہترین مقالات پیش کرنے والے محققین اور سکالرز کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے۔ سیرت کانفرنس کے موقع پر جید علما کرام اور دانشور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ سیرت النبی ﷺ اور نوجوانوں کی کردار سازی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ نوجوان نسل کے لیے کردار سازی اور ایک متوازن اور مثبت طرز زندگی اپنانے کی مضبوط بنیاد ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر سرگرمیوں کا ایک وسیع نیٹ ورک ترتیب دیا گیا ہے۔ قومی سیرت النبی ﷺ پروگرام کے تحت ملک بھر میں کانفرنسز، سیمینارز، محافل نعت اور تعلیمی سرگرمیوں کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں قرآن و سیرت نمائش، سیرت مقابلوں اور دیگر علمی و ادبی سرگرمیوں کا بھی انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ وزارت کی جانب سے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے سیرت النبی ﷺ کا مستند اور مثبت پیغام عام کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر مذہبی امور نے زور دیا کہ سیرت النبی ﷺ کا فروغ کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ اور اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ معاشرے میں امن، اخوت اور رواداری کی فضا قائم کی جا سکے۔