مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 1)

لاہور (نمائندہ خصوصی)۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ رسول اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ صرف بیان کرنے یا مجالس تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہمیں آپ صلّی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت، شدت پسندانہ رویوں اور ایک دوسرے کو قبول نہ کرنے کے رجحانات کا واحد علاج سیرت النبی صلّی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونا ہے۔

لاہور چیمبر میں سیرت النبی صلّی اللہ علیہ وسلم کی تقریب کا انعقاد

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 2)

یہ خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سیرت النبی صلّی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر منعقدہ کتب کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ طاہر اشرفی اور صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین المذاہب و بین المسالک تعلقات کے کنوینئر حافظ عاصم مخدوم، سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر میاں محمد نواز، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل رانا محمد شفیق پسروری، پروفیسر ڈاکٹر علامہ امجد جعفری، مفتی محمد احمد انیس، سید محمود غزنوی، قاسم علی قاسمی، علامہ قاری خالد محمود، علامہ ارشد علی عابدی، صلاح الدین رانا، سید راشد حسین بخاری، سید ممتاز بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 3)

سیرت طیبہ کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 4)

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ربیع الاول ایک بابرکت مہینہ ہے اور حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے اس مہینے کی خصوصی اہمیت ہے۔ لاہور چیمبر نے بھی اس موقع پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سیرت النبی صلّی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر کتب کی نمائش کا اہتمام کیا ہے تاکہ سیرت طیبہ کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔ فہیم الرحمن سہگل نے مزید کہا کہ سیرت رسول صلّی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں صرف بات کرنا یا کتب کا مطالعہ کرنا کافی نہیں، بلکہ اصل مقصد یہ ہے کہ ہم حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کریں۔ جب تک زندگی کے ہر شعبے میں نبی کریم صلّی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عملی طور پر نافذ نہیں کیا جائے گا، ہم حقیقی معنوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 5)

معاشرتی اصلاح کے لیے سیرت نبوی پر عمل ناگزیر ہے

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 6)

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست، معاشرت، معیشت، تجارت اور روزمرہ معاملات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ آج کے دور میں سیرت طیبہ کو عام کرنا اور اس کا پیغام گھر گھر پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے، تاہم اس محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم آپ صلّی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور اپنے معاملات، کردار اور رویوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔

لاہور چیمبر میں سیرت النبی کانفرنس اور خصوصی کتابی نمائش کا انعقاد (تصویر 7)

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس کی نسبت رسول اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت سے بھی ہے، جبکہ آپ صلّی اللہ علیہ وسلم اسی مہینے میں اس دنیا سے پردہ فرما گئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا امت محمدیہ میں شامل کرنا ہمارے لیے سب سے بڑا کرم ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں سیرت النبی صلّی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے مستند کتب کی نمائش کو ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ رسول اکرم صلّی اللہ علیہ وسلم نے انسانی احترام کا عملی درس دیا اور ایک یہودی کے جنازے کے احترام میں کھڑے ہو کر انسانیت کا درس دیا۔ تقریب کے شرکاء نے نمائش کا دورہ کیا اور اسے سیرت طیبہ کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے ایک مثبت کاوش قرار دیا۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں